زرتاج گل اور امین اسلم سرکاری فنڈ سے لاکھوں ڈالر ہڑپ کرگئے: میجر (ر) طاہر صادق کا الزام

زرتاج گل اور امین اسلم سرکاری فنڈ سے لاکھوں ڈالر ہڑپ کرگئے: میجر (ر) طاہر صادق کا الزام

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے بعد میجر(ر) طاہر صادق نے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل پرسنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ گلاسگو کانفرس میں سرکاری فنڈ کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔35 لاکھ ڈالر کے فنڈز ہڑپ کیے گئے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرپرسن ڈاکٹر منزہ حسن کی زیر صدارت ہوا، پی ٹی آئی رکن میجر ر طاہر صادق نے اپنی ہی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے لئے بیرونی فنڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی،35 لاکھ ڈالر کے فنڈز ہڑپ کرکیے گئے۔

میجر (ر) طاہر صادق کا کہنا تھا کہ آئی جی فارسٹ بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں، گلاسگو کانفرنس میں پاکستانی پولین میں اندھیرا چھایا ہوا تھا ،سرکاری فنڈ کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔ 

پاکستانی افسران نے اپنی فیملیز، پوتوں، نواسوں نواسیوں کو سرکاری خرچ پر باہر لیجایا گیا، ہوٹل میں کمرے کے 700 پائونڈ ادا کئےگئے ،اس کی ذمہ دار زرتاج گل ہیں۔

انہوں نے کہا ٹین بلین ٹری منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے ،چیئر پرسن منزہ حسن نے کہا کہ پاکستانی افسران اور پویلین پر کتنی لاگت آئی؟ وزارت موسمیاتی تبدیلی فنڈز میں کرپشن پر انکوائری کرے۔

وزیرمملکت رزتاج گل نے کمیٹی کوبتایا کہ گلاسکو کانفرنس میں کون کون گیا اور کس نے بھیجا ؟اس کا علم نہیں ،قائمہ کمیٹی نے گلاسگو کانفرنس پر وزارت موسمیاتی تبدیلی  سے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں ۔

زرتاج گل نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ کوپ 26 کانفرس میں کون کون گیا اور کس نے بھیجا، وزیراعظم نے میرا نام گلاسگو کانفرس کے لیے بھیجا تھا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی دستخط شدہ وفد کی فہرست کمیٹی کو فراہم کردیں گے۔

زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے لیے فلیگ شپ منصوبہ شروع کیا ہے اگر افسران کی بیگمات اور بچے گلاسگو گئے تو اس کی انکوائری ہونی چاہئیے۔ بیرون ملک کانفرنس کے سلسلے میں میں نے اپنے شوہر اور بچی کا خرچ ذاتی جیب سے کیا تھا۔

واضح رہے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کی سربراہی میں ہی پاکستانی وفد نے ماحولیات پر ہونے والے گلاسکو کانفرنس میں شرکت کی تھی ،میجر(ر)طاہر صادق سے پہلے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ بھی امین اسلم اور زرتاج گل پر الزامات لگا چکے ہیں کہ دونوں کانفرنس میں آپس میں لڑتے رہے اور پاکستانی پویلین میں کسی قسم کی کوئی سہولیات نہ تھیں۔