Get Alerts

میٹا کی نئی پرائیویسی پالیسی پر صارفین کی تشویش، ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ کی مہم تیز

میٹا کی نئی پرائیویسی پالیسی پر صارفین کی تشویش، ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ کی مہم تیز

کیلیفورنیا: میٹا کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے متعلق نئی پرائیویسی اپڈیٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں صارفین کی طرف سے ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ کی آن لائن مہم میں شدت آ گئی ہے۔

میٹا کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پلیٹ فارم اپنے اے آئی سسٹمز کو بہتر بنانے کے لیے صارفین کی چیٹ بوٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ڈیٹا استعمال کرے گا۔ کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ مواد صرف اے آئی ماڈلز کی تربیت اور ذاتی تجاویز کے لیے استعمال ہوگا، جبکہ ذاتی چیٹس، دوستوں و خاندان کے ساتھ ہونے والی گفتگو اور انکرپٹڈ میسجز اس میں شامل نہیں ہوں گے۔

تاہم صارفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نئی پالیسی ان کی نجی معلومات کے غلط استعمال کے امکانات بڑھا سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی افراد نے الزام لگایا کہ میٹا اب تصاویر، آواز، تحریریں اور اے آئی چیٹس تک رسائی حاصل کر کے انہیں تجزیے کے لیے استعمال کر سکتا ہے، جس سے آن لائن پرائیویسی متاثر ہو سکتی ہے۔

میٹا نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ حساس معلومات، جیسے مذہبی عقائد، صحت، جنسی رجحانات، سیاسی وابستگی یا دیگر ذاتی پس منظر تجزیے یا اشتہارات میں استعمال نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں، آواز کے ذریعے اے آئی استعمال کرنے کی صورت میں مائیکروفون صرف صارف کی اجازت سے فعال ہوگا اور اس دوران واضح اشارہ اسکرین پر نظر آئے گا۔

ٹیگز: