اسلام آباد / لاہور : پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام اور صدر رجب طیب اردوان کو دل سے مبارکباد پیش کی ہے، اور اس تاریخی دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترک قوم کی استقامت اور وژن دنیا بھر کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتاترک کی اصلاحات نے ترکیہ کی ترقی کی راہیں کھولیں، اور اس جدوجہد کو علامہ اقبال اور قائدِاعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، تاریخی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے غیر متزلزل تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے صدر اردوان کی قیادت میں شاندار ترقی اور معاشی بحالی کا سفر طے کیا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا تعلق عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی ہے، جو وقت اور جغرافیہ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق، دونوں ممالک کے تعلقات اب اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر ترک عوام اور صدر اردوان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ترکیہ کی خودداری، استقامت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر آج صدر اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دل جغرافیائی حدود سے آزاد ہیں، اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، خاص طور پر مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کا اصولی مؤقف پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اپنے پیغام میں ترک عوام اور صدر اردوان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کا برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات محض دو ممالک کے نہیں بلکہ دو عظیم اقوام کے درمیان محبت اور تعاون کا مظہر ہیں۔ مریم نواز نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط مزید مستحکم ہوں۔