خراب معیشت،سعودی عرب پھر پاکستان کی مدد کوآگیا

Saudi Arabia,Pakistan,Oil Deal,Shaukat Tareen

اسلام آباد:سعودی عرب کی طرف سے ایک دفعہ پھر پاکستان کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ ،ماضی میں جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اونچ نیچ دیکھنے کو ملی تھی وہیں اب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہوتے نظر آ رہے ہیں ۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے بڑی خبر دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ایک بار پھر موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل فراہم کرے گا،وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی میں اس اہم پیشرفت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا سعودی عرب کے ساتھ تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے ،دو سے تین روز میں تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔

 قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب  موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی کے بارے میں نہ صرف سوچ رہا ہے بس تقریبا ً یہ معاہدہ طے پا گیا ہے، اگلے دوتین دنوں میں پتہ چل جائے گا،  جب معیشت ترقی کرتی ہے تو درآمدات  بڑھتی ہیں،گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے معیشت  ترقی کر رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی خرم دستگیر کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایوان کو  بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ یہ  ایک انقلابی تصور آیا ہے  بیرون ملک مقیم پاکستانی  یہاں آئے بغیر اکائونٹ کھول سکتے ہیں، وہ اسٹاک ایکسچینج میں بھی انویسٹ کر سکتے ہیں، گھر کی نیا پاکستان کی  اسکیم میں بھی حصہ لے سکتے ہیں،  اپنے گھر کی  اقساط  بھی دے سکتے ہیں۔

رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایوان کو بتایا کہ جیسے ہی عمران خان کی حکومت آئی تو سعودی عرب نے ایک بہت بڑا پیکیج ہمیں دیا، جس میں  موخرادائیگیوں پر تیل  فراہم کرنے کی سہولت بھی تھی، 5ارب ڈالر کا کیش ہمارے پاس رکھا  جو بعد میں آہستہ آہستہ انہوں نے لے لیا ، سعودی عرب اس وقت  پھر ہمیں ایک  نئی سہولت  دینے کے  بارے میں سوچ رہا ہے تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں ہیں ہم نے ان سے درخواست کی ہے  اس وقت  ہمارے اوپر تھوڑا سا تیل کی قیمتوں کابوجھ پڑ  گیا ہے  تو وہ  موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی کے بارے میں نہ صرف سوچ رہے ہیں بس تقریباً معاہدہ طے پا گیا ہے،  اگلے دوتین دنوں میں پتہ چل جائے گا۔