دبئی / لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے فائنل کی میچ فیس بھارت کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور بچوں کے نام کر دی۔ یہ فیصلہ قوم کے ان بیٹوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا جنہوں نے 7 مئی کو بھارتی جارحیت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی، تاہم میچ کے بعد قومی ٹیم نے دل جیتنے والا قدم اٹھایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ "ہماری پوری ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کی فیس ان شہداء کے نام کرتی ہے جو 7 مئی کے حملے میں شہید ہوئے۔ ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔"
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ کھلاڑی اپنی میچ فیس ان متاثرہ خاندانوں کو عطیہ کریں گے جنہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت میں اپنے پیارے کھوئے۔
یاد رہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا جس میں متعدد معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے دشمن کے طیارے مار گرائے اور کئی اہم ایئر بیسز کو نشانہ بنایا۔ بعد ازاں، امریکا کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
قومی ٹیم کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر شائقین اور عوام کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، اور اسے ایک "قومی یکجہتی اور شہداء سے اظہارِ محبت" کا پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔