اسلام آباد : 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب ایک حساس صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیارے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کے لیے فضا میں بلند ہوئے۔ اگرچہ بھارتی طیارے اپنی حدود کے اندر ہی رہے، لیکن ان کی پرواز کو اشتعال انگیز اور جارحانہ قدم کے طور پر دیکھا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جیسے ہی بھارتی طیارے فضا میں متحرک ہوئے، پاکستان ایئر فورس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی بلکہ اپنی فضائی نگرانی کو فوری طور پر فعال کیا۔ پاکستانی طیاروں کی تیز اور مؤثر کارروائی کے باعث بھارتی طیارے گھبراہٹ میں واپس اپنی حدود میں چلے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ مکمل چوکس ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی ہر حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور فضائی برتری برقرار رکھی گئی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ چکی ہے، اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے خطے کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ دفاعی ماہرین نے بھارت کے اس اقدام کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔
پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے دفاع میں نہ صرف مکمل طور پر تیار ہے بلکہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔