کوئٹہ:ملک کے مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح میں ہلکی بارش ہو رہی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، اور کراچی میں آج رات بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
درجہ حرارت کے تازہ ریکارڈ کے مطابق سکردو منفی 2، قلات منفی 1، استور، ہنزہ، گلگت، دیر اور مالم جبہ میں پارہ صرف 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ چترال اور مری میں درجہ حرارت 3 ڈگری، چکوال 4، اسلام آباد اور پشاور 6، لاہور، فیصل آباد اور اٹک 7، جبکہ کراچی میں 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔