Get Alerts

2025 پاکستان کے لیے فیصلہ کن سال، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دفاع، سفارت اور معیشت میں نمایاں پیش رفت

2025 پاکستان کے لیے فیصلہ کن سال، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دفاع، سفارت اور معیشت میں نمایاں پیش رفت

اسلام آباد:سال 2025 پاکستان کے لیے ایک غیر معمولی اور فیصلہ کن سال ثابت ہوا ہے۔ سال کے اختتام پر یہ واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان کی دفاعی، سفارتی اور سٹریٹجک حیثیت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کا مرکزی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو قرار دیا جا رہا ہے۔

مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والے مختصر مگر شدید عسکری تصادم اور آپریشن بنیان المرصوص نے خطے میں طاقت کے توازن پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ پاکستان کے منظم، ہدفی اور مؤثر عسکری ردعمل نے عالمی سطح پر اس کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں کیا، جس کے بعد اسے جنوبی ایشیا میں ایک ذمہ دار اور مؤثر طاقت کے طور پر دوبارہ تسلیم کیا جانے لگا۔

امریکی صدارتی انتخابات کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی کے باوجود پاکستان کی عالمی اہمیت میں کمی کے خدشات درست ثابت نہ ہو سکے۔ انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلی جنس تعاون کے ذریعے پاک۔امریکا تعلقات میں خاموش مگر عملی پیش رفت ہوئی، جس کا اعتراف خود امریکی قیادت نے مارچ میں کھلے الفاظ میں کیا۔

مغربی میڈیا میں شائع ہونے والے تجزیوں کے مطابق واشنگٹن میں پاکستان کو ایک بار پھر قابلِ اعتماد اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ بھارت سے متعلق امریکی پالیسی میں بھی نظرِ ثانی کے آثار نمایاں ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہیں، کو ایک منظم، باوقار اور مؤثر عسکری قائد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عسکری اصلاحات، کمانڈ اسٹرکچر کی تنظیمِ نو، اور بری، بحری اور فضائی افواج کے درمیان ہم آہنگی نے دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرحدی کنٹرول اور دہشت گرد نیٹ ورکس کی مالی معاونت کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی گئی، جس کے نتیجے میں ملک میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی۔ قبائلی اور سرحدی علاقوں میں ریاستی رِٹ کے قیام کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

معاشی استحکام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے اجلاسوں میں شریک رہے، جبکہ سی پیک منصوبوں کے تحفظ، صنعتی زونز کی سیکیورٹی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں پاک فوج کے کردار کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

عسکری اور سول قیادت کے درمیان ہم آہنگی کو بھی 2025 کی ایک نمایاں پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس سے ریاستی نظام میں استحکام اور توازن پیدا ہوا۔

ماہرین کے مطابق 2025 میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک ایسے مدبر عسکری قائد کے طور پر کردار ادا کیا جس کی ترجیح طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ قومی سلامتی، امن، استحکام اور ترقی کا حصول رہی، جو کسی بھی ملک کی پائیدار کامیابی کی بنیاد سمجھی جاتی ہے۔

ٹیگز: