ایلکس ہیلز کی دھواں دار بلے بازی، پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست

ایلکس ہیلز کی دھواں دار بلے بازی، پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایلکس ہیلز اور پال سٹرلنگ کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ شرفین ردرفورڈ نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ یاسر خان 14، حیدر علی 15، شعیب ملک 25، بین کٹنگ 26 اور حسین طلعت 2 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن علی نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 112 رنز کا آغاز فراہم کیا اور جیت کی بنیاد رکھ دی تاہم اس موقع پر پال سٹرلنگ رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
ایلکس ہیلز پشاور زلمی کے کسی باؤلر کو خاطر میں نہ لائے اور گراؤنڈ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیلتے ہوئے 53 گیندوں پر 1 چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی جبکہ رحمن اللہ گرباز 27 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے سہیل خان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 اوورز میں 45 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ عثمان قادر نے 3 اوورز میں 41 رنز دئیے۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، پال سٹرلنگ، رحمن اللہ گرباز، مبشر خان، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچنٹ دی لینگ شامل تھے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام کوہلر کیڈمور، یاسر خان، حیدر علی، حسین طلعت، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، سہیل خان، عثمان قادر اور پیٹرک براؤن شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں