Get Alerts

بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

 بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ انسانی سمگلنگ دراصل غلامی کی ایک جدید شکل ہے، جس کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس دن کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اس سنگین جرم کی حقیقت کو سمجھ سکیں۔ مریم نواز نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد کی ہلاکت ایک بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے انسانی سمگلروں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف دولت کی لالچ میں معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ مریم نواز نے کہا کہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔" انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت بچوں کے استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی صورت میں انسانی سمگلنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو روزگار کے نام پر غیر قانونی راستوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے گریز کریں اور انہیں محفوظ اور قانونی طریقوں سے سفر کرنے کی ترغیب دیں۔

مریم نواز نے عوام پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی سفر کے لیے صرف جائز اور قانونی ذرائع اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ہر بچہ، نوجوان اور شہری ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔

ٹیگز: