Get Alerts

ایس ایم تنویر کا معاشی اصلاحات اور برآمدات بڑھانے پر زور

ایس ایم تنویر کا معاشی اصلاحات اور برآمدات بڑھانے پر زور

اسلام آباد: پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان بے شمار وسائل، صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے مالا مال ملک ہے، تاہم معاشی ترقی کیلئے نظام میں اصلاحات اور کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔

اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل اور وزیرِ داخلہ ملک کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو کامیابی عطا کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، تاہم خسارے اور بے روزگاری میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ ایک محنتی قوم ہونے کے باوجود پاکستان کو قرضوں اور امداد کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے، اس پر غور کرنا ہوگا۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ بھاری ٹیکسز کے باعث صنعتوں کا قیام مشکل ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان میں بہترین مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ چنیوٹ میں دنیا کا بہترین فرنیچر تیار کیا جا رہا ہے، جس سے ملکی صلاحیتوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کو بہتر بنانے کا حل رکھتی ہے اور پاکستان 170 ارب ڈالر تک برآمدات کر سکتا ہے، جبکہ اس وقت برآمدات کا حجم تقریباً 30 ارب ڈالر ہے۔

پیٹرن انچیف یو بی جی نے کہا کہ کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کے بجائے سہولت اور عزت دی جائے، کیونکہ یہی طبقہ روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے اور ملکی خزانے میں ٹیکس جمع کرا رہا ہے۔

ایس ایم تنویر نے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کی پارلیمانی نمائندگی بڑھانے کیلئے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں نشستیں مختص کی جائیں، جس کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال بڑی تعداد میں نوجوان روزگار کی تلاش میں میدان میں آتے ہیں، اگر انہیں روزگار کے مواقع فراہم نہ کیے گئے تو بے روزگاری اور بدامنی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ صرف نظام کی بہتری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کی بہترین کھجور برآمد بھی ہوتی ہے اور پھر درآمد بھی کی جاتی ہے، جس جیسے معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: