راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے لدی دو مشتبہ گاڑیوں کا پتہ لگایا۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دونوں گاڑیوں کو تباہ کر دیا، جبکہ انہیں استعمال کرنے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ وہاں چھپے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔