عدالت کا کل وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن کرانے کا حکم

عدالت کا کل وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن کرانے کا حکم

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءحمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ انتخاب  کالعدم قرار دیتے ہوئے مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس صداقت علی کی سربراہی پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے ، عدالت نے تحریری فیصلے میں ری پولنگ کا حکم جاری کرتے ہوئے دوبارہ انتخاب  کا حکم  دے دیا، عدالت نے 25 ووٹ نکال کر پریزائڈنگ آفیسر کو دوبارہ گنتی کا حکم دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  کل یکم جولائی 4بجے گورنر پنجاب ہاؤس کا اجلاس بلائیں گے جس میں وزیراعلی کا الیکشن ری پول کروایا جائے گا،عدالت نے کہا کہ تمام ادارے عدالتی احکامات کی پاسداری کروائیں گے، گورنر پنجاب آرٹیکل 130 کی شق 5 کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گے، گورنر الیکشن کے کنڈیکٹ کے حوالے سے اپنی رائے نہیں دینگےجبکہ وزیراعلیٰ کے انتخاب تک اجلاس ملتوی نہیں ہو گا جس کے بعد 2 جولائی کو صبح 11 بجے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے حلف  کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ چار ایک کی اکثریت سے سنایا ہے اور ایک جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔


یاد  رہے کہ حمزہ شہبازکی بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب اورسنگل بینچ کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئی تھیں اور لارجر بینچ میں پی ٹی آئی، (ق) لیگ، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی اپیلوں کی سماعت کی گئی۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیلوں پر جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔
 

مصنف کے بارے میں