نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری فوری طور پر روکی جائے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی آباد کاروں کا تشدد اور غیر قانونی آباد کاریاں ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود انسانی جانوں کا نقصان جاری ہے، جبکہ فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر مجبور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
عاصم افتخار نے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری، جبری بے دخلی اور دیگر اقدامات کا سلسلہ روکا جائے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کے روکے گئے مالی وسائل بھی بحال کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس ہو، ہی خطے میں دیرپا امن کے قیام کا واحد راستہ ہے۔