چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان سے بڑا مطالبہ کر دیا 

Pervaiz elahi , Imran Khan

لاہور:ـچوہدری پرویز الہٰی نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے بڑا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ضمنی الیکشن کیلئے فوری طور پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرے ،لوٹوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ہم ہر طرح سے عمران خان کا بھر پور ساتھ دینگے ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے صاحبزادے زین قریشی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وہاں پر موجود وکلا نے چودھری پرویزالٰہی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں زیر بحث کیسز، منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے اور حمزہ شہباز کے حلف لینے کے حوالے سے بریف کیا۔ 

اس ملاقات میں پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ نے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا،چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گڈ گورننس کے دعویدار اب مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کر کے دکھائیں، پاکستان ہم سب کا ہے، ہر پاکستانی کو مل کر حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہو گا،،نام نہاد بچہ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا الیکشن اور حلف آئینی و قانونی دونوں طریقوں سے ٹھیک نہیں، وہ صرف پولیس اور چیف سیکرٹری کے کندھوں پر سوار ہو کر حکومت کر رہے ہیں، بچہ حکمران نے آزادی مارچ میں عورتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔

انہوں نے کہا  اسمبلی میں پولیس کا آنا معمولی واقعہ نہیں، پولیس والوں کو اسمبلی ایکٹ کے مطابق بلایا جائے گا اور چار چار ماہ کی سزا دے کر نوکریوں سے فارغ کیا جائے گا، کامن ویلتھ اور یو این او کے سیکرٹری صاحبان نے بھی اسمبلی میں پولیس گردی کی مذمت کی ہے اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے چودھری پرویزالٰہی کو آزادی مارچ کے راستے میں حکومت کی جانب سے حائل رکاوٹوں اور قانون کی خلاف وزری کے حوالے سے آگاہ کیا۔