قبلہ اول میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پر ہم خاموش نہیں رہیں گے،طیب اردوان

قبلہ اول میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پر ہم خاموش نہیں رہیں گے،طیب اردوان

انقرہ : ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پارلیمنٹرینز برائے القدس لیگ کی پہلی کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز استنبول کو حاصل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔کانفرنس سے اپنے افتتاحی خطاب میں رجب طیب ایردوآن نے کہا کہ میں القدس کے برادر شہر استنبول سے دنیا کے تمام مظلوموں، بہادر فلسطینی جوانوں، رام اللہ، نابلس اور غزہ سمیت تمام فلسطینی شہروں کے باسیوں، فلسطینی خواتین، دوشیزاوں اور مسئلہ فلسطین کا دفاع کرنےوالے تمام فلسطینی مہاجرین کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ القدس تینوں ادیان کا مرکز ہے تاہم مسجد اقصی، پہاڑی کا گنبد اور مسجد اقصی کا زیرین علاقہ صرف اور صرف مسلمانوں کےلئے ہے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ مسجد اقصی اور القدس کا تحفظ ہمارا دینی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی گزشتہ نصف صدی سے زائد مدت سے فلسطین میں ہونےوالی خلاف ورزیاں سہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پر ہم خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی میزبانی پر انتہائی مسرت ہو رہی ہے ۔الاقصی کا تحفظ اور اپنے پتھروں سے لڑنے والے بچوں اور القدس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اقوام متحدہ اس معاملے پر چپ سادھے ہوئے ہے، دنیا میں قانون کی حکمرانی کے بجائے حکمرانوں کا قانون رائج ہے۔