نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور زرداری کے خلاف  توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک  ملتوی

نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور زرداری کے خلاف  توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک  ملتوی
سورس: file

اسلام آباد:احتساب عدالت نے سابق وزراءاعظم نوازشریف، یوسف گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری ودیگر کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 20 دسمبرتک ملتوی کردی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزراءاعظم نوازشریف، یوسف گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری ودیگر کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس  کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ،مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح،ارشد تبریز، نیب پراسیکیوٹرعرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے ۔ نواز شریف کے پلیڈر رانا عرفان بھی عدالت میں پیش ہوکر شامل تفتیش ہوگئے۔ 

 نوازشریف کے پلیڈر راناعرفان  عدالت پیش ہوئے ۔ دوران سماعت وکیل صفائی قاضی مصباح نے بتایا کہ نوازشریف شامل تفتیش ہو چکے ہیں، سوالنامہ مہیا کیا گیا تھا اور 2019 میں سوالنامہ پر ریفرنس بنایا گیا جبکہ 2019 میں نوازشریف انتہائی علیل تھے ۔

 انہوں نے کہا کہ ریکارڈ پر موجود ہے کہ نوازشریف نے گاڑی نہیں مانگی تھی ، نوازشریف نے سوالنامہ کا جواب داخل کردیا ہے ۔ 

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے تصدیق کی کہ تفتیشی  آفیسر کے مطابق نوازشریف کی جانب سے جواب جمع ہو گیا ہے، اب اس پر مزید کاروائی ہوگی جس کیلئے کچھ وقت درکار ہے ۔ 

جج محمد بشیر  نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا کریں گے اب اس پر؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نوازشریف کا بیان دیکھیں گے اور پھر اس پر مزید کاروائی ہوگی ۔

 نیب کے موقف کے بعد احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک  ملتوی کردی۔

مصنف کے بارے میں