اسلام آباد :وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور خیبر پختونخوا حکومت کے بارے میں سخت الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ گیا ہے اور بانی پارٹی کی بہنیں بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف بیانات دے کر ملک کو بدنام کر رہی ہیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ “دشمن ملک کے میڈیا کو انٹرویو دینے پر انہیں شرم آنی چاہیے۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نورین خان نیازی نے بھارتی میڈیا پر پاکستان پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی؟
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی ذمہ دار صوبائی حکومت کی کوتاہیاں ہیں۔ ان کے مطابق منشیات کا پیسہ دہشتگردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس سلسلے میں “وزیراعلیٰ کے پی خود بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں”۔تاہم ان الزامات کے حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہ ہوسکی۔
عطاء تارڑ نے یہ بھی الزام لگایا کہ صوبے میں منشیات فروشوں اور بعض حکومتی عہدیداروں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور “کوئی دہشتگرد ان منشیات مافیاز کو نشانہ نہیں بناتا۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کا طرزِعمل ملک اور فوج کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔