چیئر مین پی ٹی آئی کی جیل میں پسند کے کھانے سمیت تمام خواہشات پوری

چیئر مین پی ٹی آئی کی جیل میں پسند کے کھانے سمیت تمام خواہشات پوری
سورس: File

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم و چیئر مین پاکستان تحریک انصاف کی جیل میں ہر خواہش پوری کر دی گئی۔ 

جیل ذرائع کاکہناہے چیئر مین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں واک کرنے کیلئے زیادہ جگہ ،ورزش کیلئے ایکسرسائز مشین ،بیٹوں سے بات ،وکیلوں سے ملنے کی اجازت ،ٹی وی ،چارپائی ،میٹرس، کرسی ،میز،اخبار ،کتابیں ،اٹیچ باتھ ، 6ڈاکٹر ،3میل نرس ، ایک مشقتی بھی دیاگیا۔

سینٹرل جیل کے 4سرکل میں پابندسلاسل سابق وزیراعظم عمران خان کو دوپہرے دئیے گئے ہیں، جیل اصطلاح کے مطابق چار چکیوں یا سیلوں پرمشتمل سیٹ ایک پہرہ کہلاتاہے جس میں 4افراد کو رکھاجاتاہے لیکن کسی اہم قیدی کو چوں کہ حفاظتی نقطہ نظر سے دیگر قیدیوں سے الگ رکھاجاتاہے اس لئے عمران خان کو چارسیلوں پر مشتمل ایک پہرہ دیاگیا تھا جس کے سامنے برآمدہ میں وہ چہل قدمی کرتے تھے ،یہ برآمدہ تقریباً 40فٹ لمبا تھا واک کرنے کے لئے زیادہ جگہ کی خواہش پرعدالت کے حکم پر جیل انتظامیہ نے دوپہروں کی درمیانی دیوارگراکرانہیں 8سیلوں کے سامنے برآمدے میں واک کرنے کی اجازت دے دی۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ان کی مرضی کاکھانا جس میں دیسی مرغ بھی شامل ہے فراہم کیاجارہاہے،ورزش کے لئے ایکسرسائزمشین رکھنے کی بھی اجازت دی گئی.

ذرائع کاکہناہے 10لاکھ روپے مالیت اور تقریباً 75کلووزنی ایکسرسائزمشین کوعرف عام میں منی جم کہاجاتاہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی خواہش پران کی بیرون ملک مقیم ان کے 2بیٹوں سے واٹس ایپ پربات بھی کروائی گئی .

جیل انتظامیہ منگل کو ان کی فیملی سے ملاقات کروارہی اور جمعرات کوان سے وکلا ملاقات کرتے ہیں اب منگل کوبھی وکلا کوعمران خان سے ملنے کی اجازت دے دی گئی ،10وکلاء کے ناموں کی منظوری بھی ہوگئی ہے۔

 ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے چندروزپہلے اسلام آبادہائی کورٹ کو آگاہ کیاتھاکہ عمران خان کو جیل مینوئل کے تحت سہولتیں دی جارہی ہیں۔

مصنف کے بارے میں