Get Alerts

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، خارجی لیڈر امجد عرف مزاحم سمیت 4 خارجی ہلاک

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، خارجی لیڈر امجد عرف مزاحم سمیت 4 خارجی ہلاک

باجوڑ: پاک فوج کی سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشت گردوں نے 29 اور 30 کی درمیانی شب سرحد پار کرنے کی کوشش کی، جسے فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب کمانڈر "امجد عرف مزاحم" بھی شامل تھا، جو خوارج کے رہنما نور ولی کا نائب اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ امجد کو پاکستان میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انتہائی مطلوب قرار دیا گیا تھا، اور اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جن کا مقصد پاکستان میں اپنی موجودگی کا تاثر دینا اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے کو متاثر کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے اس ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ٹیگز: