کورونا سے متاثرہ بلیوں کو ہلاک کردیا گیا

کورونا سے متاثرہ بلیوں کو ہلاک کردیا گیا

بیجنگ : چین میں کورونا رپورٹ مثبت آنے پر پالتو بلیوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلیوں کو کورونا کا مرض ان کی مالکن کی وجہ سے ہوا ۔ 

تفصیلات کے مطابق چین کے جنوبی شہر ہربن میں کورونا رپورٹ مثبت آنے پر تین بلیوں کو ہلاک کردیا گیا ۔

حکام کا کہنا ہے کہ  ان کے پاس کووڈ 19 میں مبتلا جانوروں کے لیے کوئی علاج نہیں تھا۔ ماہرین کے مطابق   ان بلیوں کی وجہ سے ان کی مالکن اور اطراف میں رہنے والے افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کے خطرات میں اضافہ ہوگیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کی 21 تاریخ کو ان بلیوں کی مالکن مس لیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھااور اس کے بعد وہ تینوں بلیوں کے لیے پانی اور کھانا رکھ کر قرنطینہ میں چلی گئیں تھی، صحت یابی کی بعد محکمہ صحت کے اہل کاروں نے ان کی بلیوں کا ٹیسٹ بھی کیا جو کورونا مثبت آیا۔ مس لیو نے اپنی بلیوں کی جان بچانے کے لیے آن لائن درخواست بھی کی تھی لیکن حکام نے گزشتہ روز بلیوں کو مار دیا۔

یاد رہے کہ امریکا کے مرکز برائے بیماریوں سے تحفظ اور کنٹرول کے مطابق کووڈ 19 وائرس انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہوسکتا ہے اور کئی ممالک میں کورونا کے انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہونے کے کئی کیسز بھی سامنے آچکے ہیں۔

جب کہ جرمنی کی Utrecht یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق سے  یہ بات سامنے آئی  تھی کہ بلیاں کورونا وائرس کو اپنے جسم میں محفوظ رکھتے ہوئے ممکنہ طور پر انسانوں میں اس وائرس کو منتقل کرسکتی ہیں۔