سری نگر : مقبوضہ کشمیر کے رامبان ضلع کے راج گڑھ علاقے میں بادل پھٹنے کے باعث شدید سیلاب آ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور ایک شخص لاپتہ ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں ایک مکان اور ایک اسکول کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ معمولات زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہو گئے ہیں۔
رامبان کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا نے بتایا کہ ناتنا کے علاقے میں اچانک بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہی ہیں۔
دوسری جانب، ریاسی کے علاقے ماہوڑ کی بددر گاؤں میں رات گئے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 38 سالہ نذیر احمد، ان کی اہلیہ اور ان کے پانچ کم عمر بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ بچوں کی عمر پانچ سے تیرہ برس کے درمیان تھی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشیں ملبے سے نکال کر ان کے اہل خانہ کو سپرد کر دی ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے 30 اگست سے 2 ستمبر تک مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے مزید قدرتی آفات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔