اسلام آباد: بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی شاندار فتح کی یاد میں اسلام آباد کے سیکٹر H-8 میں قومی یادگار ’’معرکہ حق‘‘ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ یادگار موجودہ پارک کو ایک جدید، خوبصورت اور عوامی مقام میں تبدیل کرے گی۔
یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ سے لیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے ’’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘‘۔ یہ تھیم قوم کے اجتماعی عزم، غیر متزلزل اتحاد اور ہر قسم کے خطرات کے سامنے مضبوط کھڑے رہنے کی علامت ہے۔
یادگار کی تعمیر کا کام فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو سونپا گیا ہے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے یادگار کے لیے زمین فراہم کر دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے یہ منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب یادگار کے ڈیزائن کی نقاب کشائی بھی کی، جس کے بعد کام میں مزید تیزی آئی ہے۔ یادگار کی تعمیر میں عالمی معیار کے میٹیریل اور بین الاقوامی تعمیراتی اصولوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ یہ نہ صرف خوبصورت بلکہ دیرپا بھی ہو۔
اس یادگار کا مقصد قومی اتحاد و یکجہتی کو خراج تحسین پیش کرنا اور عوام میں فخر و جذبہ بیدار کرنا ہے۔ یادگار ’’معرکہ حق‘‘ ملک کی قربانیوں کی نمائندہ ہوگی اور اسلام آباد کے منظر نامے میں ایک باوقار اور معنویت سے بھرپور اضافہ ثابت ہوگی۔