مسلمانوں پر حملے، ریٹائرڈ فوجیوں کا مودی کے نام کھلا خط

مسلمانوں پر حملے، ریٹائرڈ فوجیوں کا مودی کے نام کھلا خط

نئی دہلی :بھارت میں مسلمانوں اور دلتوں پر ہونے والے حملوں کے درمیان انڈین آرمڈ فورس کے ریٹائرڈ فوجیوں نے وزیر اعظم مودی کو کھلا خط لکھا ہے۔خط میں سابق فوجیوں نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فوجیوں نے ہندوتوا کی حفاظت کے لیے خود ساختہ محافظوں اور ان کی جانب سے وحشیانہ حملوں کی شدید تنقید کی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق کھلے خط میں ان فوجیوں نے کہا کہ وہ اس بربریت کے خلاف ناٹ ان مائی نیم مہم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خط میں لکھا کہ ملک کی مسلح افواج اب بھی کثرت میں وحدت کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال خوفزدہ کرنے والی، نفرت انگیز اور مشکوک ہے۔

اس خط میں مسلح افواج یعنی ملٹری، بحریہ اور فضائیہ کے 114 ریٹائرڈ فوجیوں کے دستخط ہیں۔سابق فوجیوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے آج ہمارے ملک میں جو ہو رہا ہے اس سے ملک کی مسلح افواج اور آئین کو دھچکہ لگا ہے۔ ہندوتوا کی حفاظت کے لیے خود ساختہ محافظوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان حملوں کو ہم معاشرے میں غیر متوقع طور پر ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

ہم مسلمانوں اور دلتوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ہم لوگ میڈیا، سول سوسائٹی گروپ، یونیورسٹی، صحافی اور دانشوروں کے اظہار رائے کی آزادی پر حملے، ایک مہم کے ذریعہ انھیں ملک کا مخالف بتائے جانے اور ان کے خلاف روز افزوں تشدد پر حکومت کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ہم سابق فوجیوں کا ایک گروپ ہیں، جنھوں نے اپنی پوری زندگی ملک کی خدمت کرتے ہوئے گزاری ہے۔

اگر ہم سیکیولر اور اعتدال پسند اقدار کے حق میں نہیں بولیں گے تو ہم اپنے ملک کا ہی نقصان کریں گے۔ ہمارا تنوع ہی ہماری طاقت ہے۔ہم مرکز اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے خدشات پر غور کریں اور ہمارے آئین کی روح کا احترام کریں۔