اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ طے کر لیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات میں نئی مضبوطی آئے گی۔ یہ بیان اسحاق ڈار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں جاری کیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں شراکت داری، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنی معاشی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور یہ معاہدہ اس حکمت عملی کا حصہ ہے۔
وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقام ایک بار پھر مستحکم ہو رہا ہے، اور یہ معاہدہ اسی کا نتیجہ ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ شراکت داری توانائی، بنیادی ڈھانچے اور برآمدات کے مواقع میں اہم کردار ادا کرے گی، جو پاکستان کی معیشت کو تقویت دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔