اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم، ماہرین اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے، اور اسے پاکستان کی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی ایک شاندار مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا اشتراک اب خلا کی وسعتوں تک جا پہنچا ہے اور خلائی ٹیکنالوجی کو مشترکہ وژن کے تحت بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ نہ صرف سی پیک منصوبوں کی پیش رفت میں مددگار ہوگا بلکہ زراعت، شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ماحولیاتی مشاہدے جیسے اہم شعبوں میں ڈیٹا کے حصول کو بھی بہتر بنائے گا۔ اُنہوں نے اس اہم خلائی مشن میں تعاون پر چینی شراکت داروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اس کامیاب لانچنگ پر پاکستانی سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے سائنسدانوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ ملک کی سائنسی و تکنیکی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کی روشن علامت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ زراعت، منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ماحولیاتی نگرانی کے میدان میں قومی ترقی کو فروغ دے گا۔ انہوں نے بھی چین کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی بین الاقوامی سائنسی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔