اسکردو: قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں میں سے مزید چار کی لاشوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جس کے بعد اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صبح ملنے والی چار لاشوں میں سے تین کوہ پیماؤں کی میتیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید دو لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے براڈ پیک پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔
صوبائی وزیر سیاحت نیک نام کریم نے کہا ہے کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق محکمہ سیاحت کی ٹیم امدادی کارروائیوں میں لوجسٹک معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ سرچ آپریشن مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ براڈ پیک قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی ہے، جس کی بلندی 8,047 میٹر ہے۔