Get Alerts

خطے میں جنگ کے بادل: پاکستان کا سفارتی محاذ پر بڑا قدم، اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے

خطے میں جنگ کے بادل: پاکستان کا سفارتی محاذ پر بڑا قدم، اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے

بیجنگ/اسلام آباد: ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگ کو رکوانے کے لیے پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ اہم دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کا بنیادی مقصد مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر قابو پانے اور خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
 اسحاق ڈار چینی قیادت کو وزیراعظم اور عسکری قیادت (فیلڈ مارشل) کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی جانے والی حالیہ کوششوں اور عالمی رہنماؤں سے کیے گئے رابطوں پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیر خارجہ چینی حکام کو پاکستان میں منعقدہ حالیہ چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس کے اعلامیے اور تجاویز سے آگاہ کریں گے، تاکہ جنگ کو روکنے کے لیے ایک مضبوط بین الاقوامی بلاک تشکیل دیا جا سکے۔
 پاک چین وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی مشاورت میں خطے میں قیام امن، بحری تجارتی راستوں کی حفاظت اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت ہوگی۔
پاکستان اور چین کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی برادری ایران اسرائیل تنازع کے عالمی معیشت اور سلامتی پر پڑنے والے اثرات پر سخت تشویش میں مبتلا ہے۔ سیاسی مبصرین اس دورے کو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ اور 'امن پسند ریاست' کے طور پر اس کے کلیدی کردار کی عکاسی قرار دے رہے ہیں۔

ٹیگز: