لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کے عظیم ہیرو سلطان راہی کے بیٹے، اداکار حیدر سلطان نے اپنے والد سے آخری ملاقات کی جذباتی تفصیلات بیان کی ہیں۔
نیو ٹی وی کے پروگرام زبردست ود وصی شاہ میں گفتگو کرتے ہوئے حیدر سلطان نے کہا کہ والد اسلام آباد ویزہ کے کام کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ میں نے انہیں الوداع کہا، لیکن دل میں بے چینی محسوس ہوئی، اس لیے واپس گیا، گال پر بوسہ دیا اور پوچھا کہ ساتھ چلوں؟ والد نے انکار کیا اور روانہ ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دن ان کے والد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، اور وہ جان کی بازی ہار گئے۔ اس وقت حیدر کی عمر محض 18 برس تھی۔
حیدر سلطان نے والد کی عاجزی اور سادگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سلطان راہی خود سب کو سلام کرتے تھے، یہاں تک کہ ایک بار ایک صفائی والے سے گلے لگ کر اس کا گلہ دور کیا۔
یاد رہے کہ سلطان راہی 800 سے زائد فلموں میں کام کر کے ایک عالمی ریکارڈ قائم کر چکے تھے۔ ان کا قتل 1996 میں ہوا۔