کراچی: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی اکاؤنٹ سیکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ میٹا کی زیرِ ملکیت اس میسجنگ ایپلی کیشن اب چیٹ بیک اپ کے لیے پاس کیز کی سپورٹ فراہم کرے گی، جس سے صارفین اپنی چیٹس کو زیادہ محفوظ بنا سکیں گے۔ یہ فیچر آئندہ چند مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
پاس کیز جدید ڈیجیٹل چابیاں ہیں جو روایتی پاس ورڈز کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور استعمال میں آسان ہیں۔ یہ چابیاں کسی ویب سرور پر محفوظ نہیں کی جاتیں، بلکہ یہ صارف کے اپنے آلے پر محفوظ ہوتی ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے چار ہندسوں کے پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق (چہرہ یا فنگر پرنٹ) کا استعمال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق، "جیسے صارفین اپنی چیٹس اور کالز کو پاس کیز کے ذریعے محفوظ بناتے ہیں، اب وہی سیکیورٹی چیٹ بیک اپ کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔ اس سے بیک اپ ہمیشہ محفوظ، قابلِ رسائی اور صرف صارف تک محدود رہے گا۔"
یہ نیا فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اہم قدم ہے جو اپنی ذاتی معلومات اور ڈیٹا کو مزید محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔