معاشرے کی بہتری کے لیے پڑھے لکھے لوگوں کو کردار ادا کرنا چاہئے :شاہ محمود قریشی

معاشرے کی بہتری کے لیے پڑھے لکھے لوگوں کو کردار ادا کرنا چاہئے :شاہ محمود قریشی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد :وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھی ہے ، لوگ سرکاری فنڈز کے غلط استعمال سے کترانے لگے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نےلوگوں کو بہت سے مسائل پر متحرک کیا ہے ، لوگوں کو اس سلسلے میں آگاہی دی گئی ہے ، لوگوں کی خواہش ہے کہ ملک کے لیے نقصان بننے والوں کا احتساب ہو۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے پڑھے لکھے طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا ، تحریک انصاف کے کارکن اس سلسلے میں کافی باشعور ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن لوگوں کو بتائیں گے کہ ایسا کیوں ہوا ہے ۔

انھوں نے کہا ہے کہ مجھ سے خارجہ پالیسی کے بارے میں پوچھا گیا ہے ، میں نے دو صفحات پر لکھ کر کابینہ کو بتایا تھا کہ یہ کرنا چاہتے ہیں اور میرے محکمے کی کارکردگی و ڈائریکشن لوگوں تک گئی ہے ، وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے ازخود خود کو امتحان میں ڈالا ہے ، چیلنجز قبول کیے ہیں اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔