عوام پر پیٹرول بم کے بعد ’بجلی بم‘ گرانے کی تیاریاں

عوام پر پیٹرول بم کے بعد ’بجلی بم‘ گرانے کی تیاریاں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد ’بجلی بم‘ گرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے قیمت میں اضافے کی درخواست دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام پر پر 17 ارب 85 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے کی ایک اور درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو دیدی گئی ہے جس پر 12 جنوری کو سماعت ہو گی اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ 
یہ درخواست بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو دی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے کیپیسٹی چارجز، ترسیلی و تقسیمی نقصانات اور دیگر مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ مانگا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ ’پیٹرول بم‘ کی صورت میں دیا اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 4 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 144 روپے 82 پیسے ہو گئی اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے اضافے کیساتھ 141 روپے 62 پیسے ہو گئی۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 111 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 95 پیسے اضافے کے ساتھ 113 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔