اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے یورپی کمیشن کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے ملاقات کی، جس میں پاک-یورپی یونین کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے باقاعدہ اعلامیے کے مطابق، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا خیرمقدم کیا اور پاک-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے تجارت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں خطوں کے مابین تجارتی تعلقات کی پائیداری کے لیے 'جی ایس پی پلس' (GSP+) سٹیٹس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خلیجی خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نائب وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل امن کی ان کوششوں میں کلیدی اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال اور افغانستان کے معاملے پر پاکستان کا اصولی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اجتماعی اور مربوط کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
وزیرِ اعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں عالمی رہنماؤں کو جلد از جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے متحرک کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک و اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔