بھارتی اداکار ٹام آلٹر 67 برس کی عمر میں چل بسے

بھارتی اداکار ٹام آلٹر 67 برس کی عمر میں چل بسے

ممبئی: امریکن نژاد بھارتی اداکار ٹام آلٹر ’اسکن کینسر‘ کی وجہ سے 67 برس کی عمر میں علالت کے بعد چل بسے۔ ٹام آلٹر کا پیدائشی نام تھومس بیچ آلٹر تھا۔ وہ بھارتی ریاست اتراکھنڈا کے شہر میسوری میں پیدا ہوئے ان کے والدین امریکن و اسکاٹش نسل سے تھے۔ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے اداکار کے پڑدادا بیسویں صدی میں ہجرت کر کے ہندوستان آئے تھے جبکہ ٹام آلٹر کے والد متحدہ ہندوستان کے صوبہ پنجاب اور پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

ٹام آلٹر میسوری ہی میں پیدا ہوئے اور وہیں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے پونے میں موجود فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے بھی تعلیم حاصل کی۔

2008  میں پدما شری ایوارڈ وصول کرنے والے ٹام آلٹر کئی عرصے سے جلد کی کینسر میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔ ٹام آلٹر کی موت ان کی ممبئی میں موجود رہائش گاہ پر ہوئی۔ اداکار کی موت پر بھارتی صدر رام ناتھ کووند سمیت دیگر سیاسی، سماجی و فلمی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

یاد رہے کہ ٹام آلٹر نے 300 کے قریب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی پہلی فلم ’چرس‘ 1976 جب کہ آخری فلم ’سرگوشیاں‘ رواں برس ریلیز ہوئی۔ فلم ’کرانتی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نے ’شطرنج کے کھلاڑی‘، ’دیس پردیس،’گاندھی‘، ’رام تیرا گنگا میلی‘، ’کرما‘، ’سونے پہ سہاگا‘، ’ویر زارا‘ اور ’اوتار‘ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ٹام آلٹر نے 1977 میں امریکی نژاد خاتون کیرول ایونز کے ساتھ شادی کی ان کے 2 بچے ہیں۔ ٹام آلٹر کا بیٹا جیمی آلٹر اسپورٹس صحافی ہے جب کہ ان کی بیٹی افشاں آلٹر بھی پروفیشنل خاتون ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں