پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان سیریز کا شیڈول تبدیل ہونے کا امکان

پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان سیریز کا شیڈول تبدیل ہونے کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی سیریز کا شیڈول تبدیل ہونے کا امکان ہے اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے سیریز راولپنڈی سے شروع کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) درمیان شیڈول سے متعلق بات چیت جاری ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی بورڈ نے ٹیسٹ سیریز راولپنڈی سے شروع کرنے کی تجویز دی ہے جسے تسلیم کئے جانے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہونا ہے جبکہ راولپنڈی اور لاہور بھی ٹیسٹ میچز کے وینیوز میں شامل ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ بھی کھیلا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کی تصدیق کر چکا ہے اور اس وجہ سے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شامل نہیں کیا گیا۔ دونوں کرکٹرز دورہ پاکستان کی تیاری کی وجہ سے سیریز نہیں کھیلیں گے کیونکہ پاکستان کا دورہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے فوری بعد ہے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا کا مزید کہنا ہے کہ آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر اور دیگر اہم سپورٹ سٹاف بھی دورہ پاکستان کی تیاری کیلئے چھٹیاں لے گا اور ان کی غیر موجودگی میں اینڈریو میکڈونلڈ سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ 

مصنف کے بارے میں