حسن نواز نے منی ٹریل سے متعلق دستاویزات پیش کر دیں

حسن نواز نے منی ٹریل سے متعلق دستاویزات پیش کر دیں

اسلام آباد: وزیراعظم کے چھوٹے صاحبزادے نے بھی بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق حسن نواز نے جے آئی ٹی کو منی ٹریل کے متعلق دستاویزی ثبوت بھی فراہم کئے۔ ان سے بیان سپریم کورٹ کے تیرہ نقاطی سوال نامہ کی روشنی میں لیا گیا۔ حسن نواز کے قانونی معاون دوران بیان مزید دستاویزات بھی اندر لے جاتے رہے۔ حسن نواز کو بھی وکیل ساتھ لے جانے کی اجازت نہ ملی۔

بیان مکمل ہونے پر باہر آئے تو میڈیا سے گفتگو نہیں کی صرف کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور ن لیگی ٹیم کے ساتھ چلتے بنے۔ حسن نواز کے بیان ریکارڈ کرانے کے دوران ن لیگی رہنما بھی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود رہے۔ جے آئی ٹی کے روبرو کل حسین نواز بھی پیش ہوں گے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف ہر دور کے کڑے احتساب سے سرخرو ہو کر نکلے، مریم

یاد رہے کہ گذشتہ روز تیسری بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے والے وزیراعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نواز نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حسین شہید سہروردی سے آج تک یہ سب کچھ ہمارے ساتھ ہی ہوتا آیا ہے جس کو یہاں بلایا جائے گا وہ پیش ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میرے یا میرے بھائی بہن کے خلاف کسی بے ضابطگی کا ثبوت نہیں۔ میرے خاندان کے خلاف کوئی ثبوت ہے ہی نہیں تو سامنے کیسے آئے گا۔ حسین نواز نے اس موقع پر یہ نہیں بتایا کہ ان سے جے آئی ٹی نے کیا پوچھا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں