اصغر خان کیس، نواز شریف سمیت پیسے وصول کرنیوالے 21 سویلین کو نوٹس جاری

اصغر خان کیس، نواز شریف سمیت پیسے وصول کرنیوالے 21 سویلین کو نوٹس جاری
کیپشن: سابق وزیراعظم نواز شریف، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور عابدہ حسین سمیت21 سویلین کو نوٹس جاری کر دیئے۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران پیسے وصول کرنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور عابدہ حسین سمیت21 سویلین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

دوسری جانب عدالت عظمیٰ کی جانب سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سمیت کیس سے متعلقہ آرمی افسران، ڈی جی نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کیے گئے۔

مزید پڑھیں: مانسہرہ میں 13 سالہ لڑکا زیادتی کے بعد قتل

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔

آج سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے متعلق ایک سربمہر رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور ساتھ ہی درخواست کی کہ حساس نوعیت کا معاملہ ہونے کی بناء پر رپورٹ کو دوبارہ سیل کر دیا جائے جس پر عدالت عظمیٰ نے رپورٹ کو سربمہر کر دیا۔

اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ کابینہ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان دنیا میں پانی کی قلت کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے، جرمن سفیر

اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پیسے وصول کرنے والوں سے رقم کی واپسی کا کیا طریقہ کار بنایا گیا ہے؟۔ سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے نواز شریف، عابدہ حسین، جاوید ہاشمی سمیت 21 سویلین، اسد درانی سمیت کیس سے متعلقہ آرمی افسران اور ڈی جی نیب اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں