Get Alerts

وفاقی حکومت کی اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد پہنچ گئی، کشمیری عوام کے جائز مطالبات سننے اور حل کرنے کا عزم

وفاقی حکومت کی اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد پہنچ گئی، کشمیری عوام کے جائز مطالبات سننے اور حل کرنے کا عزم

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں کشیدہ صورتحال کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو مظفرآباد پہنچ گئی ہے۔ اس کمیٹی میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، انجینئر امیر مقام، راجہ پرویز اشرف، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔

مظفرآباد روانگی سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس

مظفرآباد روانگی سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی، تاہم کچھ عناصر ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے جذبات اور مطالبات کی قدر کرتی ہے اور امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکل آئے گا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات جلد پورے کیے جائیں اور اس کشیدہ صورتحال سے فوری نکلنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے عزائم ہو سکتے ہیں لیکن مل بیٹھ کر بات چیت سے ہی مسائل حل ہوں گے۔

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام دوست یہاں موجود ہیں اور تشدد مسائل کو حل نہیں کرتا بلکہ الجھاتا ہے۔ انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ احتجاج اور تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے، صرف بات چیت سے ہی کشمیری عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جا سکتے ہیں۔

سردار یوسف نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کو مانا جائے گا اور عوامی ایکشن کمیٹی بات چیت کے ذریعے کشمیریوں کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پرتشدد احتجاج کو کسی مسئلے کا حل قرار نہیں دیا اور کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے۔

قمر زمان کائرہ نے بھی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے عوامی ایکشن کمیٹی وزیراعظم کی کاوشوں کو سمجھ کر تعاون کرے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ کشمیری عوام کو ایک ناخوشگوار صورتحال کا سامنا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک ہونے کے باوجود اس مسئلے پر فوری توجہ دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا عمل دوبارہ بحال ہو گا اور کشیدگی ختم ہو گی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک 3 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 72 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکومتی کوشش ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اس کشیدہ صورت حال کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔

ٹیگز: