اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران مصروف ترین دن گزاریں گے۔ ایرانی صدر وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی، تجارت، سرحدی تعاون اور زائرین سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر، ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کریں گے۔ وہ پہلے بھی ایرانی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران پاکستان کے لیے "تشکر پاکستان" کے نعرے لگوا چکے ہیں۔
دورے کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے، اور ایران کی جانب سے چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں سرگرم کردار ادا کرنے کی خواہش پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔