رشید گوڈیل کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

رشید گوڈیل کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
کیپشن: رشید گوڈیل نے باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ جہانگیر ترین فیس بک اکاؤنٹ

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما رشید گوڈیل نے بنی گالہ میں پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل بھائی کی تحریک انصاف میں شمولیت کی بے حد خوشی ہے۔ خوشی اس لیے ہے کہ کراچی میں کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ رزلٹ دیں اور تبدیلی لا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا فنانشل حب ہے اور کراچی اٹھ نہیں رہا اس لیے پاکستان بھی اوپر نہیں جا رہا لہذا کراچی کو تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس شہباز شریف پر برس پڑے،وزیراعلیٰ پنجاب کا جواب مسترد

ان کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل کے آنے سے کراچی کو پرانی ٹیم کے ساتھ مل کر منظم کریں گے اور آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت ہو گی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے 14 مئی کو پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھاان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آپس کی لڑائی دیکھ کر افسوس ہوتا ہے یہ سب مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ قوم اور کراچی کا ووٹر شدید مایوس ہوچکا ہے اور میں اپنی قوم و پارٹی کی مزید بدنامی نہیں دیکھ سکتا اس لئے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق صوبائی وزیر شاہنواز مری ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل 18 اگست 2015 کو کراچی میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ قاتلانہ حملے کے بعد رشید گوڈیل نے سیاست سے غیراعلانیہ کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں