Get Alerts

جنرل انیل چوہان کا پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی میں بھارتی نقصانات کا اعتراف،سیاسی و عسکری حلقوں میں ہلچل ، مودی سرکار پر سوالات کی بھرمار

 جنرل انیل چوہان کا پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی میں بھارتی نقصانات کا اعتراف،سیاسی و عسکری حلقوں میں ہلچل ، مودی سرکار پر سوالات کی بھرمار

نئی دہلی :  بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان نے پاکستان کے خلاف آپریشن سندور میں بھارتی فضائیہ کے نقصانات کا اعتراف کر کے مودی حکومت کے دفاعی دعوؤں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ جنرل انیل چوہان کے اس اعتراف نے بھارت میں سیاسی اور عسکری حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور حکومت کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے گرائے جانے کے انکشاف کے بعد بھارتی تجزیہ نگاروں نے نہ صرف سی ڈی ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ حکومت کی جانب سے نقصانات چھپانے کی کوشش پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا میں بھی اس معاملے پر زوردار بحث جاری ہے اور اس اعتراف کو بھارتی فضائیہ کی حکمت عملی کی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جب عالمی سطح پر 7 اور 8 مئی کے واقعات واضح ہو چکے تھے تو بھارت کی حکومت حقیقت چھپانے کی کوشش کیوں کرتی رہی؟ جنرل انیل چوہان نے کہا کہ طیاروں کا گرنا مسئلہ نہیں، اصل بات یہ ہے کہ نقصان کی وجوہات کو سمجھا جائے، تاہم یہ اعتراف مودی حکومت کے لیے کئی سوالات چھوڑ گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی دفاعی ترجمانوں کے غیر واضح بیانات اور ڈی جی ایئر کی جانب سے جنگ کی حالت میں ہونے کے بیان نے بھی فضائی نقصان کی تصدیق کی، جو بھارت کی حکمت عملی کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کی جوابی کارروائی اور بھارتی فضائیہ کی جانب سے نقصانات کو چھپانے کی کوششوں کے باعث یہ واقعہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتا ہے اور عالمی سطح پر بھی بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ٹیگز: