Get Alerts

بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان کی بھارتی دفاعی صنعت کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید

بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان کی بھارتی دفاعی صنعت کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید

نئی دہلی : بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) انیل چوہان نے بھارتی دفاعی صنعت کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید کی ہے، جس سے وزیراعظم نریندر مودی کا "میک اِن انڈیا" دفاعی خواب بری طرح چکناچور ہو گیا ہے۔ انیل چوہان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب بھارتی فوج نے وقت پر جدید ہتھیاروں کی فراہمی میں ناکامی پر شکایات کا سلسلہ بڑھا دیا۔ بھارتی دفاعی صنعت کی سست روی اور ناقص کارکردگی نے سی ڈی ایس کو عوامی سطح پر آ کر قوم پرستی کی دہائی دینے پر مجبور کر دیا۔

بھارتی جریدے دی پرنٹ کی رپورٹ کے مطابق انیل چوہان نے اپنے شکایتی بیان میں کہا کہ دفاعی صنعت کو محض منافع کی خواہش میں قومیت اور حب الوطنی کا عنصر بھی شامل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ "دفاعی اصلاحات ایک یک طرفہ عمل نہیں ہیں، صنعت کو اپنی صلاحیت کے بارے میں حقیقت بتانی ہوگی۔" انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ہمارا قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور ہم یہ نہیں برداشت کر سکتے کہ معاہدے کر کے وقت پر ڈیلیور نہ کیا جائے۔"

سی ڈی ایس انیل چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی دفاعی کمپنیاں اکثر دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کی مصنوعات میں 70 فیصد مقامی مواد استعمال ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ دعوے جھوٹے ہیں۔ ان کے مطابق، ایسی کمپنیاں حکومتی فنڈز کے ذریعے اربوں روپے وصول کرتی ہیں لیکن پھر بھی جدید اسلحہ اور دفاعی سامان وقت پر فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔

بھارتی حکومت اور دفاعی صنعت پر انیل چوہان کی یہ تنقید اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ نہ صرف بھارتی دفاعی صنعت کی صلاحیتیں محدود ہیں، بلکہ بھارتی فوج کی اندرونی بدانتظامی اور ناقص پلاننگ بھی واضح طور پر سامنے آ چکی ہے۔ بھارت کی دفاعی ماڈرنائزیشن میں ناکامی اور اس کے اثرات خطے میں بھی محسوس ہو رہے ہیں، جہاں بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی مایوسی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ دفاعی صلاحیتوں کی تیاری میں خلل ڈالنے والی داخلی کمزوریاں اب کھل کر سامنے آ رہی ہیں۔

ٹیگز: