Get Alerts

اسرائیلی فوج کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، مزید 3 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، مزید 3 فلسطینی شہید

غزہ : اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں سیز فائر معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور قابض فوج نے ایک روز میں مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 236 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور 600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں سے مغربی علاقے میں ایک عمارت تباہ ہوئی، اور اس کے ملبے سے مزید 2 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئیں۔ خان یونس سمیت دیگر علاقوں میں بھی ریسکیو آپریشن جاری ہیں اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 68,858 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 170,664 ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ، اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہیں، جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کی لبنان میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں ایک کار پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہو گئے۔

ٹیگز: