Get Alerts

غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ، اسرائیلی حملوں میں مزید فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ، اسرائیلی حملوں میں مزید فلسطینی شہید

غزہ : غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق، جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے تربیتی مرکز پر حملے میں 6 فلسطینی جان سے گئے۔ یہ حملے 10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیل کی طرف سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کا حصہ ہیں۔ اس معاہدے کے بعد سے 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، غزہ میں 16 ہزار سے زائد مریض بیرون ملک علاج کے لیے منتظر ہیں، اور امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ یہ تعداد دراصل تین سے چار گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی 2024 سے اب تک 1 ہزار سے زائد مریض بروقت طبی انخلا نہ ہونے کے باعث اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار 600 سے زائد شدید بیمار مریضوں کو غزہ سے نکالا گیا ہے، جن میں 5 ہزار 600 سے زائد بچے شامل ہیں۔ تاہم، ہزاروں مریض اب بھی بیرون ملک علاج کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب، ترک انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن کی حماس کے وفد سے استنبول میں ملاقات ہوئی۔ حماس کے وفد کی قیادت رہنما خلیل الحیہ کر رہے تھے۔ ترک حکام کے مطابق، ملاقات میں غزہ کے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کی تیاری اور اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

ٹیگز: