Get Alerts

بلوچستان: ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان: ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

شیرانی : بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پاک فوج کی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئی، جس میں دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیرانی میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو ہر حال میں شکست دی جائے گی اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

ٹیگز: