Get Alerts

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، 100 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، 100 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی حملے شدت سے جاری ہیں اور منگل کی صبح سے اب تک غزہ میں کم از کم 105 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان شہدا میں 32 وہ افراد بھی شامل ہیں جو وسطی اور جنوبی غزہ میں امداد کی تلاش میں تھے۔

جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں پانی کی تقسیم کے مرکز پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کئی بچے بھی شہید ہوئے جبکہ زخمیوں کو النصر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حماس کے رکن حازم نعیم کو ہلاک کیا ہے، جس پر الزام تھا کہ وہ غزہ میں تین اسرائیلی قیدیوں کو رکھے ہوئے تھا، تاہم حماس نے اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک اور غذائی قلت کی وجہ سے مزید 13 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 3 بچے شامل ہیں۔ اس طرح جنگ شروع ہونے کے بعد سے بھوک کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 361 ہو گئی ہے، جن میں 130 بچے شامل ہیں۔

ادھر اسرائیل میں بھی غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں 300 سے زائد ریزرو فوجیوں نے نیتن یاہو کی جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ڈیوٹی پر آنے سے انکار کر دیا ہے اور اسرائیلی حکام سے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگز: