ماہ رمضان میں موسیقی بجانے پر افغان خواتین کا واحد ریڈیو اسٹیشن بند

 ماہ رمضان میں موسیقی بجانے پر افغان خواتین کا واحد ریڈیو اسٹیشن بند

کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے ماہ رمضان میں موسیقی بجانے پر افغان خواتین  کا واحد ریڈیو اسٹیشن  بند کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کےصوبہ بدخشاں کی اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر معیز الدین احمدی  نے کہا ہے کہ ریڈیو اسٹیشن ’صدائے بانوان‘ نے رمضان المبارک کے دوران گانے اور موسیقی نشر کرکے ’امارت اسلامیہ کے قوانین و ضوابط‘ کی متعدد بار خلاف ورزی کی اور خلاف ورزی کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا ہے۔ معیز الدین احمدی کہتے ہیں ’اگر یہ ریڈیو سٹیشن امارت اسلامیہ افغانستان کی پالیسی کو قبول کرتا ہے اور اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ وہ دوبارہ ایسا کام نہیں کرے گا تو ہم اسے دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیں گے۔‘

اس حوالے سے ریڈیو اسٹیشن کی سربراہ ناجیہ سوروش نے امارت اسلامیہ افغانستان کی کسی پالیسی کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ’ریڈیو اسٹیشن کی بندش کی کوئی ضرورت نہیں تھی، طالبان نے ہمیں بتایا کہ آپ نے موسیقی نشر کی ہے۔ ہم نے کسی بھی قسم کی موسیقی نشر نہیں کی ہے‘۔

صدائے بانوان‘ نامی ریڈیو اسٹیشن کو افغان خواتین چلا رہی تھیں، یہ ریڈیو اسٹیشن 10 سال قبل شروع ہوا تھا جس میں 6 خواتین سمیت 8 افراد کام کر رہے تھے ۔’