واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات مجموعی طور پر اچھی رہی ہے، تاہم ابھی کسی حتمی نتیجے پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملاقات کے نتائج اس بات پر منحصر ہوں گے کہ فریقین کس سمت میں پیش رفت کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر پیوٹن یوکرین جنگ ختم کرنے کے خواہاں ہیں اور وہ بھی دنیا میں جاری تنازعات کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
ٹرمپ نے کہا، “دنیا میں 8 جنگیں رکوا چکا ہوں، 5 جنگیں صرف ٹیرف کے ذریعے ختم کرائیں۔ میرا مقصد زندگیاں بچانا ہے، اسی لیے دنیا بھر میں جنگیں رکوانے کی کوشش کر رہا ہوں۔”
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ آج ان کے معاونین یوکرینی مذاکرات کاروں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ مسئلے کے حل کی کوششیں مزید آگے بڑھائی جا سکیں۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا کے اردگرد امریکی فوج کی موجودگی صرف دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی نہیں بلکہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات بردار کشتیوں پر حملے جاری ہیں اور “جلد زمینی کارروائی بھی کی جائے گی۔”ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی اداروں کے پاس “وینزویلا کی تمام سڑکوں، گھروں اور تنصیبات” کی مکمل معلومات موجود ہیں۔