Get Alerts

’پراجیکٹ فریڈم‘ کا آغاز: امریکی بیڑے آبنائے ہرمز میں داخل، ایرانی عسکری ڈھانچہ تباہ کرنے کا دعویٰ

’پراجیکٹ فریڈم‘ کا آغاز: امریکی بیڑے آبنائے ہرمز میں داخل، ایرانی عسکری ڈھانچہ تباہ کرنے کا دعویٰ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے اور ایرانی مداخلت کو روکنے کے لیے ایک بڑے آپریشن ’پراجیکٹ فریڈم‘ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ امریکی سینٹ کام کے مطابق گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز (جنگی جہاز) آبنائے ہرمز عبور کر کے خلیج میں داخل ہو چکے ہیں جہاں انہوں نے دو امریکی تجارتی جہازوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام کی طرف روانہ کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل" پر ایران کی تباہی اور امریکی کامیابی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کا اثر و رسوخ ختم کر دیا گیا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائی میں ایران کی نیوی، ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کو مکمل طور پر مفلوج اور تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اس وقت امریکہ کا فضائی اور میزائل ڈیفنس سسٹم 100 فیصد فعال ہے۔
اس بحرانی صورتحال میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششیں رنگ لائی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی نمائندوں کی ایران کے ساتھ مثبت بات چیت جاری ہے جو کہ خطے کے امن کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ بین الاقوامی مبصرین اسے پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دے رہے ہیں، جس نے جنگ کے دہانے پر کھڑے ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک نے اپنے تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ دلوانے کے لیے امریکہ سے مدد مانگی تھی، جس کے بعد ’پراجیکٹ فریڈم‘ لانچ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ عالمی آبی گزرگاہوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا اور ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔

ٹیگز: