گلگت : گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی وادی داریل میں گزشتہ رات موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ اس سیلاب سے 20 گھر متاثر ہوئے، جن میں سے 5 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر داریل وسیم عباس کے مطابق آج صبح 6 بجے شدید بارش کے باعث سیلاب آیا، جس نے گماری علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔ سیلاب سے فصلوں اور درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ مویشی خانے اور مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیلاب کے دوران واٹر چینل کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور متعدد افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کرنے اور وہاں موجود ہوٹلوں میں رہائش اختیار نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ادھر گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے، اور انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔